برلن: عام انتخابات میں عرصہ دراز تک جرمنی پر حکمرانی کرنے والی انجیلا مرکل کی پارٹی کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے، سوشل ڈیموکریٹ پارٹی نے 206 نشستیں حاصل کرلیں۔ حکومتی اتحاد کے پاس 196 سیٹیں ہیں، گرین پارٹی 118 نشستوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔
جرمنی میں عام انتخابات، انجیلا مرکل کی پارٹی نے اکثریت کھودی، کرسچن ڈیموکریٹک یونین اور سوشل کرسچن یونین کے اتحاد کے باوجود دوسرے نمبر پر، سوشل ڈیموکریٹ پارٹی سبقت لے گئی۔
الیکشن کے ابتدائی نتائج کے مطابق سب سے زیادہ کامیاب سوشل ڈیموکریٹ پارٹی نے ماضی کے مقابلے میں 8 فیصد زائد ووٹ حاصل کیے۔ انجیلا مرکل کی پارٹی کے ووٹوں میں کمی کا تناسب بھی 8 فیصد ہی رہا اور تاریخ کا بدترین نتیجہ سامنے آیا۔ گرین پارٹی بھی سو سے زائد سیٹوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت کے طور پر ابھری ہے۔
بدترین کارکردگی کے باوجود انجیلا مرکل کے کرسچن ڈیموکریٹک الائنس نے امید کا دامن نہیں چھوڑا، چانسلر کے امیدوار آرمین لاشیٹ نے کہا کہ ان کا سیاسی اتحاد حکومت سازی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا جب کہ سوشل ڈیموکریٹ رہنما اولاف شولس کے مطابق جرمن عوام نے تبدیلی کے حق میں ووٹ دے دیا، وہ حکومت سازی کے لیے پُرعزم ہیں۔