لندن: برطانیہ سے ملنے والی رپورٹس کے مطابق بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کورونا وبا کا شکار ہوگئے، جہاں انہیں حالت تشویش ناک ہونے پر ’’برنیٹ اسپتال‘‘ کے آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔
وہ تین ہفتے قبل کورونا کا شکار ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کیے گئے تھے، ذرائع ابلاغ کے ایک نمائندے نے گزشتہ روز اسپتال کا دورہ کیا، جہاں اسپتال کے عملے نے اُنہیں بتایا کہ بانی ایم کیو ایم آئی سی یو میں ہیں، اس لیے اسپتال کسی بھی شخص کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دے سکتا اور نہ ہی ان کی فیملی کا کوئی شخص مل سکتا ہے۔
اتوار کو بانی ایم کیو ایم کا ایک آڈیو پیغام سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا تھا، جس میں نہایت نحیف آواز میں کہا گیا تھا کہ ’’میں آئی سی یو میں ہوں، میرے لیے دعا کریں۔‘‘
پیغام میں مزید کہا گیا کہ میں گزشتہ 20 دن سے اسپتال میں ہوں اور اپنے چاہنے والوں کی دعاؤں کی وجہ سے یہ پیغام بھیج رہا ہوں۔ انہوں نے اپنے آڈیو پیغام میں ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی بھی تلقین کی۔
ایم کیو ایم (لندن) کے ذرائع کے مطابق تین ہفتے پہلے بانی ایم کیو ایم بیمار ہوئے اور ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا۔ بعدازاں ان کی طبیعت بگڑنے پر اسپتال داخل کردیا گیا، ان کو وینٹی لیٹر پر رکھنا پڑا، اس کے بعد ان کی طبیعت میں بہتری آئی، تاہم اب ان کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔