اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ ہندوتوا نظریہ اور اکھنڈ بھارت درحقیقت آر ایس ایس اور بی جے پی گٹھ جوڑ ہے۔ آر ایس ایس چیف کا اشتعال انگیز بیان مسترد کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کا بیان میں کہنا تھا کہ آر ایس ایس چیف موہن بھگوت کے اشتعال انگیز اور غیر ذمے دارانہ ریمارکس کی مذمت اور اسے مسترد کرتے ہیں۔ ہندوتوا نظریہ اور اکھنڈ بھارت درحقیقت آر ایس ایس، بی جے پی گٹھ جوڑ ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس حقائق کو قبول کریں اور پرامن بقائے باہمی کے تقاضوں پر عمل کرنا سیکھیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہندوتوا سوچ اور اکھنڈ بھارت نظریہ کی وجہ سے خطے کےامن و استحکام کو درپیش خطرات کی نشان دہی کی ہے۔ بھارت کے ان خطرناک ہتھکنڈوں کا مقصد ملک میں موجود اقلیتوں کو پس ماندہ رکھنا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دنیا بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو منظم طریقے سے غصب کرنے اور کشمیریوں پر جاری ظلم کی گواہ ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے تسلط پسندانہ اقدامات کی مخالفت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امن کے لیے پُرعزم رہتے ہوئے پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔