کراچی: پہلی بار ملکی تاریخ میں مسافر طیارے کو بذریعہ سڑک ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسافر بردار طیارے کو سڑک کے راستے کراچی سے حیدرآباد پہنچایا جارہا ہے اور طیارے کو بذریعہ سڑک ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے کا ملکی تاریخ کا یہ پہلا آپریشن ہے۔
طیارے کی منتقلی کے لیے خصوصی ٹرک اور ٹرالی استعمال کی جارہی ہے، طیارے کو حیدرآباد میں سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں رکھا جائے گا اور طیارہ تربیتی مقاصد کے لیے استعمال ہوگا۔
اسی حوالے سے ٹرانسپورٹر ہمایوں خالد نے بتایا کہ طیارے کی لمبائی 110 فٹ اور وزن 40 ٹن ہے، یہ ناکارہ جہاز بوئنگ 737 ہے، جس میں 240 لوگوں کے سفر کی گنجائش ہے۔
ہمایوں خالد کے مطابق طیارے کو رات گئے ایئرپورٹ سے سپرہائی وے منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے حیدرآباد منتقل کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ طیارے کو پروٹوکول کے تحت منتقل کیا جارہا ہے، طیارے کی منتقلی کے دوران موٹروے کو بلاک نہیں کیا جائے گا، طیارے کو منتقل کرنے کے لیے گاڑی سڑک کے کنارے چلائی جائے گی، اس دوران سول ایوی ایشن اور نجی کمپنی سمیت ٹرانسپورٹر کا عملہ موجود رہے گا۔