اسلام آباد: حالیہ مون سون کی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں پاکستان بھرمیں مجموعی طور پر اموات کی تعداد 176 ہوگئی جب کہ اس دوران 1307 مکانات مکمل تباہ اور 853 کو جزوی طور پرنقصان پہنچا ۔
این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں اور سیلاب کے دوران جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کردیں، جس کے مطابق مون سون سیزن میں مجموعی اموات کی تعداد 176 ہوگئی ۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 70 کم عمر بچے، 20 خواتین اور 86 مرد شامل ہیں، بارش و سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں سب سے زیادہ سندھ میں 72 افرادجاں بحق ہوئے جب کہ پنجاب میں 16، خیبر پختونخوا میں 48، بلوچستان میں 19، کشمیر میں10 اور گلگت بلتستان میں 11 افراد جان کی بازی ہارگئے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارش و سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں 101 افراد زخمی بھی ہوئے اور زخمی ہونے والوں میں 17 کم عمر بچے، 11 خواتین اور 73 مرد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں سے 10 سڑکیں، 9 پل، 1 ہوٹل، 3 دکانیں، 4 مساجد اور 2 پاور ہاوسز کو بھی نقصان پہنچا، 1307 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جب کہ 853 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔