جون میں آئی ایم ایف کیساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوجائے گا: وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ جون میں آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوجائے گا۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں عائشہ غوث پاشا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں خوشی سے نہیں بڑھائیں بلکہ یہ ہماری مجبوری تھی، اگر ہم یہ کام نہ کرتے تو پاکستان خدانخواستہ ڈیفالٹ کرجاتا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا ابھی پیٹرول کی قیمت بڑھی ہے اس لیے مجھے نہیں لگتا ہے کہ اگلے مہینے کے آغاز پر دوبارہ پیٹرول کی قیمت بڑھے گی، لیکن سچی بات ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھنے کے حوالے سے مجھے نہیں معلوم۔
بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے متعلق سوال پر وزیر خزانہ نے کہا کہ فی الحال بجلی کی قیمت بڑھانے کی کوئی سمری ہمارے پاس نہیں آئی۔
سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق سوال پر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ دوحہ میں آئی ایم ایف سے نجکاری سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی لیکن نجکاری اس لیے نہیں کرنی چاہیے کہ یہ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے بلکہ اس لیے کرنی چاہیے کہ ڈسکوز کو حکومت کے ماتحت نہیں ہونا چاہیے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جون میں اسٹاف لیول کا معاہدہ ہو گا، معاہدے کے بعد بورڈ لیول میٹنگ ہو گی جس کے بعد پیسے مل جائیں گے، آئی ایم ایف کو 5 ارب ڈالر کا کہا ہے امید ہے چار ارب ڈالرز ہوجائے گا، آئی ایم ایف سے 3 بلین ڈالرز آئیں گے، ہم نے ان سے کہا ہے کہ پروگرام کی توسیع کردیں اور اس میں 2 بلین ڈالر اور ڈال دیں۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ اسی مالی سال میں ایک بلین سے زیادہ ورلڈ بینک سے مل جائیں گے، ایشیا انفرا اسٹرکچر بینک سے بھی پیسے ملیں گے۔

Ayesha Ghous PashaFinance MinisterIMFMaftah Ismail