دوحہ: قطر میں کھیلے گئے فٹ بال ورلڈکپ فائنل میں ارجنٹائن فرانس کو پنالٹیز پر ہراکر چیمپئن بن گیا۔
لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں ارجنٹائن نے فرانس کو پنالٹیز پر 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر چیمپئن شپ کا تاج سر پر سجا لیا۔
مقررہ 90 منٹ کے کھیل کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2، 2 گول سے برابر رپا۔ ارجنٹائن کی جانب سے کپتان میسی نے 23 ویں منٹ میں پنالٹی پر گول اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلائی، جس کو ڈی ماریہ نے 36 ویں منٹ میں دُگنا کردیا۔
فرانس کی جانب سے امباپے نے 80 ویں منٹ میں پنالٹی پر ٹیم کی جانب سے پہلا گول اسکور کیا اور 81 ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کرکے برتری کو ختم کردیا۔
پنالٹیز سے قبل کھیلے جانے والے پہلے اضافی ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔ البتہ دوسرے اضافی ہاف (108 ویں منٹ) میں میسی نے ارجنٹینا کو ایک بار برتری دلائی، جس کو امباپے نے میچ کے آخر لمحات (118 ویں منٹ) میں برابر کردیا۔