وزیراعظم، آرمی چیف میں ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر اتفاق رائے ہے: فواد

اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں اتفاق رائے ہے۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا، گزشتہ رات وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان طویل ملاقات ہوئی۔ یہ پاکستان کی تاریخ کے ضمن میں بھی بہت اہم ہے کہ پاکستان کی سول اور ملٹری کے درمیان بہت آئیڈیل تعلقات ہیں، وزیراعظم آفس کبھی بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گا، جس سے پاکستان کی فوج یا پاکستان کے سپہ سالار کی عزت میں کمی ہو اور پاکستان کی فوج یا سپہ سالار بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے وزیراعظم یا سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی ہو۔
فواد چوہدری نے کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی بچوں کے لیے تعلیمی نصاب کے حوالے سے کام کرے گی، اتھارٹی کا مقصد یہ ہے کہ ہم سیرت النبی ﷺ سے سبق حاصل کریں، رحمت اللعالمین اتھارٹی میں پاکستان سمیت دنیا کے اسکالرز شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ میں 15 سے زائد وزرا شریک تھے، ہمارے وزرا میں یہ چیز نہیں کہ ہم ہر جگہ پر اپنی تصاویر بنوائیں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور نیول چیف بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایئر سیال لمیٹڈ کو لائسنس کا اجرا کیا گیا ہے، 18 اداروں کی اسامیاں ختم کی جارہی ہیں، 80 کے قریب ٹاپ لیول کی تعیناتیاں کرچکے، یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے، یوٹیلٹی اسٹورز پر 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں ایک نیا یونٹ بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی، یونٹ میں کیمرے اور ڈرون ٹیکنالوجی شامل ہے۔ افغانستان سے آنے والوں کے لیے ویزا فیس ختم کردی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت لازمی دینا چاہتے ہیں، ہمارا ایسا کوئی اجلاس نہیں ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی بات نہ ہو۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہفواد چوہدریوزیر اطلاعات و نشریاتوزیراعظم عمران خان