اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری جلد ہوگی جب کہ فوج اور حکومت میں کوئی اختلاف نہیں، سب ایک صفحے پر ہیں۔
ٹویٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ایک مخصوص طبقہ اس معاملے پر جو کھیل کھیلنا چاہتا تھا وہ ناکام ہوچکا، اب کہا جارہا ہے کہ وزیراعظم نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے لیے انٹرویو کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ان عہدوں پر تعیناتی سے قبل ملاقات ایک عمومی روایت ہے، ایسے عمل کو بھی متنازع بنانا انتہائی نامناسب ہے۔
دوسری جانب پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ حالات الحمدللہ بالکل ٹھیک ہیں، ہر بندہ ہر گھنٹے کے بعد اپنی مشہوری کے لیے بات ٹوئسٹ کرلیتا ہے، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا پروسیس شروع ہوچکا، جو جلد مکمل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور حکومت میں کوئی اختلاف نہیں، سب ایک پیج پر ہیں، ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں۔