اردوان کے داماد وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی!

انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے داماد وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ترکی کے وزیر خزانہ اور صدر طیب اردوان کے داماد بیرات البائراک نے ملک کی خراب معاشی صورت حال کے باعث پیدا ہونے والے دباؤ کے بعد استعفیٰ دیا ہے۔
پانچ سال ترک صدر کی کابینہ میں کام کرنے والے بیرات البائراک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے استعفے کا اعلان کیا، جس کی وجہ انہوں نے صحت کی خرابی بتائی۔
بیرات البائراک کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ سیاسی زندگی کے دوران وہ اپنے اہل خانہ سے دور رہے لیکن اب وہ اپنی فیملی کو زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔
ترک وزارت خزانہ نے وزیر خزانہ بیرات البائراک کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
42 سالہ بیرات البائراک ترک صدر طیب اردوان کی بڑی صاحبزادی کے شوہر ہیں جنہیں 2018 میں وزیر خزانہ بنایا گیا تھا جب کہ اس سے قبل 2015 سے 2018 تک وہ وزیر توانائی تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ترک کرنسی لیرا کی مسلسل تنزلی کے بعد ترک صدر نے مرکزی بینک کے گورنر کو عہدے سے ہٹادیا تھا۔

erdogan son in lawresignTurkish finance Minister