لیڈز: 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے مقابلے میں انگلینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے ہرادیا۔
انگلستان کی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز تک محدود رہی اور یوں اسے 45 رنز کی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ کوئی بلے باز نصف سنچری نہ بناسکا، رضوان 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
انگلینڈ کی اس فتح کے بعد 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔ لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اورابتدائی دونوں کھلاڑی 18 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ جوز بٹلر، لیام لیونگسٹن اور معین علی نے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 200 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر 59 رنز، لیام لیونگسٹن 38 اور معین علی 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔
گرین شرٹس کی جانب سے محمد حسنین نے 3، عماد وسیم اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلش ٹیم کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے مستحکم آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 50 رنز جوڑے، تاہم بابر اعظم 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور محمد رضوان اور شاداب خان کے علاوہ کوئی بلے باز انگلش بولروں کے سامنے مزاحمت نہیں کرسکا۔ پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 37 بناکر نمایاں رہے جب کہ شاداب خان 36 رنز بناسکے۔
انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود 3، عادل رشید اور معین علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عمدہ آل رائونڈ کارکردگی پر معین علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی ٹھہرایا گیا۔