چنائے: انگلینڈ کے ہاتھوں بھارتی کرکٹ ٹیم کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر بڑی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے بھارت کو ناکوں چنے چبوادیے۔
اپنے ہوم گراؤنڈ پر رنز کے ڈھیر لگانے والے بھارتی بلے بازوں کے بیٹ خاموش رہے اور ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم محض 192 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ویرات کوہلی 72 رنز کے ساتھ مزاحمت کرپائے۔
انگلینڈ کی ٹیم ان دنوں بھارت کے دورے پر ہے، جہاں میزبان سے وہ چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیل رہی ہے۔ اس سیریز کے پہلے مقابلے میں انگلستان نے 227 رنز سے میدان مار لیا ہے۔ 420 رنز کا ہدف دیکھ کر بھارتی بیٹسمین بیٹنگ کرنا بھول گئے اور ان کی وکٹیں خزاں رسید پتوں کی طرح گرتی رہیں۔
اس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 578 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ کپتان جوئے روٹ نے 218 رنز کی شان دار باری کھیلی۔ جواب میں بھارت نے 337 رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔ انگلستان دوسری اننگز میں 178 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ یوں بھارت کو 420 رنز کا ہدف ملا اور وہ 192 رنز تک محدود رہا۔ دوسری اننگز میں جیک لیچ نے 4 جب کہ اینڈرسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جوئے روٹ مین آف دی میچ قرار پائے۔