مانچسٹر: انگلینڈ کی بی ٹیم کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں پاکستان ٹیم کی شکست کے بعد انگلینڈ کی اصل کرکٹ ٹیم کے ارکان کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوگئے۔ اس کے ساتھ ہی انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
دوسرے درجے کی انگلش ٹیم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کیا، آج ایک اور خوش خبری انگلش شائقین کے لیے اطمینان کا باعث بنی کہ کورونا کے باعث آئسولیشن میں جانے والی انگلش ٹیم کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کورونا کے باعث آئسولیشن میں جانے والے تمام کرکٹرز کی منفی رپورٹ آنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کیا جارہا ہے۔
پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت این مورگن کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں معین علی، جونی بیئراسٹو، جیک بال، ٹام بیٹن، جوز بٹلر، ٹام کیورن، لوئس گریگوری، کرس جارڈن، لیام لیونگ اسٹون، ثاقب محمود، ڈیوڈ ملان، میٹ پارکنسن، عادل رشید، جیسن روئے اور ڈیوڈ ویلے شامل ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز جمعہ سے ہوگا۔