اسلام آباد: کورونا وبا کے دوران احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت صوبائی و علاقائی لحاظ سے تقسیم کی گئی رقم کی تفصیل جاری کردی گئی۔
وزارت سماجی تحفظ و تخفیف غربت نے بتایا کہ ملک بھر میں 1 کروڑ 29 لاکھ 97 ہزار سے زائد افراد میں 157 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی۔
سندھ میں 39 لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد میں 47 ارب 25 کروڑ روپے اور پنجاب میں 58 لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد میں 70 ارب 72 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں 22 لاکھ 14 ہزار سے زائد مستحق افراد کو 26 ارب 87 کروڑ روپے جب کہ بلوچستان میں بھی 6 لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد کو 7 ارب 84 کروڑ روپے کی نقد امداد فراہم کی گئی۔
گلگت بلتستان میں 94 ہزار سے زائد افراد میں 1 ارب 14 کروڑ روپے، آزاد کشمیر میں 2 لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد میں 2 ارب 58 کروڑ روپے اور اسلام آباد میں 67 ہزار سے زائد شہریوں کی کیش کی صورت میں 81 کروڑ روپے سے مدد کی گئی۔