لندن: اس وقت ایک چھوٹی اور دلچسپ ایجاد کراؤڈ فنڈنگ سے گزررہی ہے۔ یہ مشروب پینے والا ایک مگ ہے جس میں ایک بیٹری نصب ہے جو اسے دستی ایئرکنڈیشنر بھی بناتی ہے۔
اسے اے سی مگ کا نام دیا گیا ہے جس میں کئ چینل سے سردہوا باہر خارج ہوتی ہے اور اطراف کےماحول کی گرمی سات درجے سینٹی گریڈ تک کم کرسکتی ہے۔ اس کے اندر اسٹین لیس اسٹیل نگا ہے جو ہوا کو سرد رکھتے ہوئے باہر پھینکنے میں مدد دیتا ہے۔
بٹن دبانے کے چند سیکنڈ بعد ہی اس سے ٹھنڈی ہوا خارج ہونے لگتی ہے جو فوری طور پر ٹھنڈک کا احساس دلاتی ہیں۔ ہوا پھینکنے کی جھری 15 درجے پر خمیدہ ہے جو مقررہ جگہ پر ہوا ڈالتی ہیں۔ اس لیے مگ کو ہاتھ میں لینے کی ضرورت نہیں بلکہ اسے میز پر رکھ کر چہرے کی جانب ہوا کا رخ کیا جاسکتا ہے۔
مگ سے خارج ہونے والی ہوا کی رفتار تین میٹر فی سیکنڈ ہے اور ہوا پھینکنے کے عمل کو تین طرح سے سیٹ کیا جاسکتا ہے۔ جب آپ اے سی مگ کے اندر برف کے ٹکڑے یا کیوبس رکھتے ہیں تو فوری طور پر سرد ہوا کا اخراج شروع ہوجاتا ہے۔ اگر آپ گرم مشروب کو کچھ ٹھنڈا کرنا چاہتے ہیں تو مگ یہ کام کرسکتا ہے اور اس میں نصف لیٹر سے زائد مشروب یعنی 600 ملی لیٹر بھرکر رکھا جاسکتا ہے۔
ورزش کرنے یا جاگنگ کرنے کے عمل میں یہ مگ ایک جانب تو آپ کی پیاس بجھاتا ہے تو دوسری جانب آپ کو سرد ہوا بھی فراہم کرتا رہتا ہے۔ 2600 ایم اے ایچ بیٹری کی بدولت اے سی مگ 40 منٹ تک ہوا فراہم کرتا رہتا ہے۔ اسے کسی بھی پاوربنک، یا چارجر سے چارج کیا جاسکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان سب کے باوجود یہ مکمل طور پر واٹر پروف بھی ہے۔ ابھی یہ ابتدائی مراحل میں ہے جس کی تعارفی قیمت 70 ڈالر رکھی گئی ہے۔