اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں واضح طور پر کورونا کی ایک نئی لہر آچکی ہے۔
فیصل سلطان کا بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ملک میں کورونا کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 6.5 فیصد تک پہنچ گئی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں واضح طور پر کورونا کی ایک نئی لہر آچکی اور بالخصوص پنجاب کے بڑے شہروں سمیت پورا پاکستان کورونا کی نئی لہر کی زد میں ہے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 41133 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2701 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 54 مریض جاں بحق ہوئے۔