ڈاکٹر امجد سراج جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مُراد علی شاہ نے ڈاکٹر امجد سراج کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کردیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
چار سال کے لیے ڈاکٹر امجد سراج کو سرچ کمیٹی کی سفارش پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وائس چانسلرز کی دوڑ سے ڈاکٹر عاصم کی بیوی کے آئوٹ ہونے کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین نے سرچ کمیٹی پر ہی اعتراض کردیا تھا جب کہ وی سی کے لیے دیگر سات امیدواروں کے حتمی نام وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کو خط لکھا تھا جس میں لکھا گیا کہ وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے جو سرچ کمیٹی بنائی گئی ہے، وہ اہل ہی نہیں۔
ذرائع کے مطابق اس قسم کے خط کو وزیراعلیٰ سندھ نے مسترد کردیا۔ چار روز قبل سرچ کمیٹی نے وائس چانسلر کے لئے جن سات امیدواروں کو موزون قرار دیا تھا ان میں ڈاکٹر لبنیٰ بیگ۔ ڈاکٹر امجد سراج۔ ڈاکٹر افضل قادری اور دیگر شامل ہیں۔ البتہ ہیک کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم کی بیوی کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی وائس چانسلر کے اہل نہ سمجھتے ہوئے سرچ کمیٹی نے ان کا نام آئوٹ کردیا تھا۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹیڈاکٹر امجد سراجوائس چانسلروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ