کراچی: ملک سمیت دُنیا بھر میں اپنی عظیم طبی خدمات کے طفیل قابل قدر نگاہ سے دیکھے جانے والے معروف معالج اور سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) کے روحِ رواں ڈاکٹر ادیب رضوی کو ایک اور عالمی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
امریکن یورولوجیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈاکٹر ادیب رضوی کو ان کی طبی میدان میں خدمات کے باعث ہیومنٹیرین ریکگنیشن ایوارڈ 2024 سے نوازا گیا ہے۔
ڈاکٹر ادیب رضوی کو یہ ایوارڈ ان کی انسانی خدمات کے نتیجے میں ملا ہے، انہوں نے جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا پبلک ہیلتھ کیئر ادارہ قائم کیا اور گردوں کے امراض میں مبتلا لوگوں کے مفت علاج کا بیڑا اٹھایا ہے۔
ڈاکٹر ادیب رضوی کو اس سے قبل بھی کئی ملکی اور بین االاقوامی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔