کراچی: قوم کی بیٹی کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے ڈاکٹر عافیہ کی سرگرم سپورٹر پاکستانی نژاد امریکی شہری ندرت صدیقی نے اپنی 48 ویں میراتھن ریس ڈاکٹر عافیہ کے نام کردی۔
ٹیکساس میں مقیم ندرت صدیقی نے بتایا کہ آج میں نے فورٹ ورتھ میراتھن دوڑ میں حصہ لیا جو میری 48 ویں مکمل میراتھن ہے۔ میری یہ دوڑ ایک بار پھر #DrAafiaSiddiqui کے لیے تھی۔ اس معصوم سیاسی قیدی بہن کے لیے میری چھٹی خاص ریس تھی۔ یہ امریکا کے اس ٹیکساس شہر میں تھی جہاں کی جیل میں ڈاکٹر عافیہ بند ہیں۔
ندرت نے کہا کہ یہ بات یقین سے بالاتر ہے کہ وہ 18 سال سے اس جرم کے الزام میں قید ہیں جس کا ارتکاب انہوں نے نہیں کیا۔ ایسا الزام کہ جس میں کوئی ہلاک یا زخمی تک نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان نے اپنی بے گناہ شہری کی رہائی کے لیے ایک رسمی خط تک امریکی حکومت کو نہیں لکھا۔ جب میں میراتھن میں دوڑ رہی تھی تو سلیمہ گل عافیہ کے کیس کے بارے میں وہاں موجود لوگوں کو آگاہی دے رہی تھیں۔ چار گھنٹے اور آٹھ منٹ طویل اس میراتھن ریس میں ندرت صدیقی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔