کراچی: بالآخر کاروباری ہفتے کے تیسرے روز یعنی بدھ کو ڈالر کی پرواز تھم گئی۔
مسلسل کچھ روز تک قیمت میں اضافے کے بعد آج امریکی ڈالر کی قدر انٹربینک مارکیٹ میں 2.23 روپے کم ہوگئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2.23 روپے کی کمی سے 200.59 روپے کی سطح پر آگئی۔
آئی ایم ایف قرض پروگرام کی بحالی اور حکومت کی جانب سے غیرملکی کرنسی پر پابندی کی تردید جیسے عوامل کے باعث کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ڈالر کی اونچی پرواز کا سلسلہ رک گیا۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 2.76 روپے کے اضافے کے ساتھ 202.82 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔ گزشتہ دو روز میں ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر 4 روپے 90 پیسے کا بڑا اضافہ ہوا تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 5روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
حکومت کو ایکس چینج ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچہ نے تجویز دی ہے کہ ڈالر کے انٹربینک ریٹ کو 190 روپے پر منجمد کرنے کے احکامات جاری کرے جبکہ درآمدات کے حجم کو برآمدات کے حجم سے منسلک کیا جائے یعنی جتنی مالیت کی برآمدات ہوں اتنی ہی مالیت کی مصنوعات درآمد کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ پاکستانی روپیہ مزید بے قدر ہونے سے بچ سکے۔