نئی دہلی: بھارت کے امیر ترین بزنس ٹائیکون مکیش امبانی خاصا دریا دل ہیں، اُن کے گارڈز اور ڈرائیورز کی تنخواہ بڑے بڑے افسران سے زیادہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کے مالک 65 سالہ مکیش امبانی دنیا کے دسویں امیر ترین شخص اور ایشیا کے سب سے امیر بزنس مین ہیں، جن کے اثاثوں کی مالیت اس وقت 85 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
مکیش امبانی فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اپنے ملازمین کے لیے بھی ایک اچھے باس کی شہرت رکھتے ہیں۔
شوبز اسٹارز امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور سلمان خان کی طرح مکیش امبانی بھی اپنے ڈرائیورز اور باڈی گارڈز کو حیران کن تنخواہیں دیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے ڈرائیورز دنیا کی بہترن اور جدید ترین بلٹ پروف گاڑیاں چلانے کی مہارت رکھتے ہیں اور ایک ڈرائیور کی تنخواہ آج سے 6 سال قبل بھی دو لاکھ روپے ماہانہ تھی۔
اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس وقت ڈرائیور کی تنخواہ کیا ہوگی۔
امبانی گھرانے کے ڈرائیورز کی بھرتیاں پرائیویٹ کنٹریکٹنگ فرم کے ذریعے کی جاتی ہیں اور ان ڈرائیوز کو ارب پتی خاندان کے پرتعیش طرز زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے سخت تربیت سے گزرنا ہوتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق باورچیوں، گارڈز اور ہاؤس کیپنگ اسٹاف سے لے کر ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ الاؤنس اور انشورنس بھی فراہم کی جاتی ہے۔