بھارت میں قرآن پاک کی بے حرمتی، مسلمانوں میں غم و غصہ

رانچی: بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ہندوتوا کے انتہاپسندوں نے قرآن پاک کے ایک نسخے کو نذرآتش کرنے کی ناپاک جسارت کی، جس سے مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں آر ایس ایس، بی جے پی، وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے جنونی غنڈوں نے ضلع جمتارہ میں فتح پور بازار مسجد کے قریب ایک میدان میں قرآن پاک کے اوراق کو نذرآتش کیا۔
اس بات کا تب پتا چلا جب مسجد کے کچھ فاصلے پر موجود میدان میں مسلم بچے کرکٹ کھیلنے گئے۔ انہوں نے جابجا قرآن کے جلے ہوئے اوراق دیکھے تو امام مسجد کو آگاہ کیا۔
اس دل خراش واقعے پر مسلمانوں کی بڑی تعداد میدان میں جمع ہوگئی اور لوگ مشتعل ہوگئے، تاہم امام مسجد مولانا ذوالفقار نظامی نے لوگوں کے جذبات کو قابو میں رکھنے کی ہدایت کی اور ثبوت لے کر تھانے گئے۔
پولیس نے امام مسجد کی درخواست پر ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
امام مسجد نے کہا کہ یہ واقعہ دشمن عناصر کی سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو خراب کرنے کی دانستہ کوشش معلوم ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں رواں برس الیکشن ہونے والے ہیں اور حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی مسلم مخالف جذبات ابھارنے کے لیے ایسے ہتھکنڈے آزماتی ہے جس سے مسلم ہندو ہنگاموں کو ہوا ملے۔

 

DesecrationHoly QuranIndiaJharkhandOutrage among MuslimsQuran e Pak