جامعہ بنوریہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کا وصال

کراچی: ملک کی معروف دینی شخصیت، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر اور جامعہ بنوریہ ٹاؤن کے مہتمم ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر انتقال کرگئے۔
جامعہ بنوریہ کی انتظامیہ کے مطابق مرحوم جامعة العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن میں شیخ الحدیث کی خدمات انجام دے رہے تھے، ڈاکٹرعبدالرزاق اسکندر صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔
عبدالرزاق اسکندر مرحوم مفتی نظام الدین شامزئی کی شہادت کے بعد بنوری ٹاؤن کے شیخ الحدیث مقرر ہوئے تھے۔
دوسری جانب مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جے یوآئی سندھ کے امیر مولانا سائیں عبدالصمد ہالیجوی اور مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا ہے کہ مولانا اسکندر بہت بڑے علمی پائے کے جید عالم دین تھے۔
جے یو آئی رہنما مولانا راشد سومرو نے کہا کہ مولانا اسکندر کا سانحہ ارتحال امت مسلمہ کا ناقابل تلافی نقصان ہے، مولانا اسکندر کے علمی، تدریسی اور تحریک خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا، مولانا اسکندر نے ہر تحریک میں صف اول میں رہ کر قائدانہ کردار ادا کیا۔
سمیع سواتی کا مولانا ڈاکٹر اسکندر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مولانا اسکندر کافی عرصے سے علیل اور انڈس اسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل تھے، وہ 25 سال سے معروف دینی درس گاہ جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی کے چانسلر اور شیخ الحدیث تھے، وہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے تادم وفات امیر مرکزیہ رہے ہیں۔
سمیع سواتی کے مطابق وہ دنیائے مدارس کے سب بڑے تعلیمی بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی صدر تھے، ان کی عمر 86 سال تھی وہ 1935 میں کاکول ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے اور انہوں نے جامعہ بنوری ٹاؤن کے علاوہ جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ، جامعہ الازہر سے علمی استفادہ کیا۔
سمیع سواتی کے مطابق وہ 1997 سے ڈاکٹر حبیب اللّٰہ مختار کی شہادت کے بعد جامعہ بنوری ٹاؤن کے چانسلر مقرر ہوئے تھے، وہ بلاواسطہ ہزاروں اور بالواسطہ لاکھوں علماء کے استاذ تھے۔
مولانا اسکندر کی وفات کے بعد جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی میں علماء اور شاگردوں کی معتقدین آمد جاری ہے۔
انتظامیہ جامعہ بنوریہ کے مطابق ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر کی نمازِ جنازہ بعد نماز عشاء دس بجے بنوری ٹاؤن مسجد میں ادا کی جائے گی۔

صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستانمہتمم جامعہ بنوریہمولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندرنماز جنازہ بعد عشاءوصال