سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز چل بسے!

ممبئی: آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اور پی ایس ایل فرنچائزز اسلام آباد یونائیٹڈ کے سابق اور کراچی کنگز کے موجودہ ہیڈ کوچ ڈین جونز انتقال کرگئے، اُن کا انتقال ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔
ڈین جونز ان دنوں بھارت میں مقیم تھے، ان کا انتقال ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کی عمر 59 سال تھی، وہ 24 مارچ 1961 کو میلبورن میں پیدا ہوئے، ڈین جونز 1987 کا ورلڈکپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے اہم رکن تھے، ڈین جونز نے اپنے کرکٹ کیریئر میں 52 ٹیسٹ اور164 ون ڈے مقابلوں میں آسٹریلین ٹیم کی نمائندگی کی۔


ڈین جونز کے انتقال کی خبر دُنیا بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، قومی کرکٹر شرجیل خان نے خبر سن کر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں شرجیل خان نے کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کا سن کر بہت افسوس ہوا، ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا تھا، ڈین جونز مجھے جتنا سپورٹ کرتے تھے میں بیان نہیں کرسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈین جونز سے 3،2 دن پہلے ہی بات ہوئی تھی، انہوں نے مجھے کھیل کے حوالے سے اچھے مشورے بھی دیے تھے۔

Dean jonesDeathHeart attack