احمد آباد: قوم کی امیدوں کا محل زمین بوس ہوگیا، پوری پاکستان ٹیم محض 191 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ بابراعظم کے آئوٹ ہوتے ہی پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، وکٹیں خزاں رسید پتوں کی طرح گرنے لگیں۔ سعود شکیل چلے نہ افتخار کا بلا کوئی جادو جگا سکا، شاداب بھی جلدباز مہمان کی طرح پویلین لوٹ گئے، ورلڈکپ کے 12ویں میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف 43 ویں اوورز میں 191 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے بمرا، محمد سراج، کلدیپ یادیو، ہردیک پانڈیا، رویندرا جڈیجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
احمدآباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی پویلین لوٹ چکے، ایک موقع پر پاکستان نے پچیس اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنا رکھے تھے اور پوزیشن مستحکم دکھائی دے رہی تھی۔ کپتان بابراعظم نصف سنچری بناکر جیسے ہی آئوٹ ہوئے تو اس کے بعد آنے والے تمام بیٹرز چند گیندوں کا سامنا کرکے پویلین لوٹتے رہے، رنز کا سلسلہ رُک گیا، اوپنرز ایک بار پھر اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، عبداللہ شفیق 20 اور امام الحق 36 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ کپتان بابراعظم 50 اور رضوان بھی 49 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
قبل ازیں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ رات میں اوس کے امکانات ہیں اس لیے پہلے بالنگ کرنا چاہتے ہیں۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے پلئینگ الیون میں ایشان کشن کی جگہ شبمن گِل کی واپسی ہوئی ہے۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کا کوئی پریشر نہیں تاہم فیلڈنگ میں بہتری کی گنجائش ہے، کوشش ہوگی بڑا ہدف دے کر بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دیں۔