ریاض: کینیڈا اور برطانیہ کے بعد سعودی عرب نے بھی فائزر اور بائیو این ٹیک کے استعمال کی منظوری دے دی۔
سعودی عرب کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے امریکا کی دوا ساز کمپنی فائزر کی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے تیار کردہ کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اتھارٹی نے فائزر کے فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر ویکسین کے مؤثر اور محفوظ ہونے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد دوا کے استعمال کی منظوری دی ہے اور اب ویکسین درآمد کی جائے گی۔
سعودی اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ شعبہ صحت کے متعلقہ حکام اب ویکسین کی درآمد کا عمل شروع کریں گے اور مملکت میں ویکسین کی آنے والی ہر کھیپ کے نمونوں کا استعمال سے قبل تجزیہ کرے گی، تاکہ اس کے معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔
وزارت صحت سعودی عرب میں ویکسین کی آمد کی تاریخ کا اعلان کرے گی اور درآمدی تقاضوں کی تکمیل کے بعد اس کے استعمال کا آغاز کرے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے مملکت میں مقیم ہر فرد کو کورونا وائرس کی ویکسین مفت مہیا کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔