اسلام آباد: شیخ رشید نے کورونا ویکسین لگوالی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے سی ڈی اے ہسپتال سے چینی ویکسین سائنوفارم لگوائی۔ وہ پچھلے سال کورونا کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہر ایک کو عالمی وبا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوانی چاہیے، تین دن پہلے باری آئی تھی اور آج ویکسین لگوائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس دوبارہ شدت کے ساتھ پھیل رہا ہے، وبا کے پھیلاؤ کے عام آدمی پر بہت بُرے اثرات ہوسکتے ہیں، حکومت پاکستان نے ویکسین فراہمی کے لیے بہت اچھے اقدامات کیے ہیں۔
این سی او سی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 863 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 30 ہزار 471 ہوگئی۔