کراچی: کورونا وبا کی روک تھام اور اس سے شہریوں کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات تواتر کے ساتھ کیے جارہے ہیں۔ اسی سلسلے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔
کراچی آبادی اور رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا شہرہے۔ حکومت نے ایکسپو سینٹر میں شہر قائد کا سب سے بڑا ویکسی نیشن مرکز قائم کیا ہے، جہاں ڈپٹی ہیلتھ سیکریٹری ڈاکٹر منصور وسان کی سربراہی میں 24 گھنٹے شہریوں کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔ روزانہ لوگوں کی بڑی تعداد یہاں کا رُخ کرتی اور اس سے مستفید ہوتی ہے۔
اس مرکز میں ڈاکٹر منصور وسان اور اُن کی ٹیم بہترین انداز میں شب و روز عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار مصروف عمل ہے۔ ایکسپو سینٹر میں ویکسی نیشن کے ضمن میں بہترین کام ہورہا ہے، عمدہ انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔
اس حوالے سے وائس آف سندھ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر منصور وسان کا کہنا تھا کہ مفاد عامہ کے لیے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کے متعلق افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، یہ سراسر منفی اور جھوٹ پر منفی پروپیگنڈا ہے، میں عوام الناس سے کہنا چاہوں گا کہ وہ ان من گھڑت افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ کورونا وائرس سے خود کو اور اپنے اہل خانہ کو تحفظ دلانے کے لیے لازمی ویکسین لگوائیں، اس کے کوئی سائیڈ افیکٹس نہیں بلکہ یہ کورونا وائرس کے خلاف موثر ہتھیار ہے۔
دوسری جانب اس مرکز کے کورپوریٹ کنسلٹنٹ، پی آر اور ایونٹ پروفیشنل شہریار احمد کا گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو وبا سے بچانے کے لیے خدمات کا سفر جاری رہے گا۔ میں لوگوں سے گزارش کروں گا کہ وہ جلد از جلد خود کو ویکسین لگوائیں۔ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ پروپیگنڈوں میں نہ آئیں۔