کراچی: سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کورونا کے خاتمے تک پرائمری، مڈل اسکول کھولنے کی مخالفت کردی۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ پرائمری اسکول کھولنے پر مجھے اس لیے تشویش ہے کہ ہمارے بچے نازک ہیں، ان کا اسکول جانا کورونا وبا کے دوران نہایت تشویش ناک ہوگا۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ بڑے بچوں کے لیے احتیاط کا کہہ سکتے ہیں کیوں کہ وہ خود سے ماسک پہن کر رہ سکتے ہیں، سماجی فاصلہ اختیار کرسکتے ہیں، ہاتھ دھوسکتے ہیں اور خود سے اپنا خیال رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر بڑے بچوں کی کلاسز کو ڈس انفیکٹ کرکے انہیں فاصلے سے بٹھایا جائے تو بہتر رہے گا اور کوئی خدشہ نہیں ہوگا مگر چھوٹے بچے جو ناسمجھ ہیں ان کا رویہ ہی ایسا ہوتا ہے کہ وہ لاپروائی سے کسی سے بھی گلے مل لیتے ہیں، ہاتھ میں ہاتھ بھی ڈال لیتے ہیں، سماجی فاصلہ نہیں کرتے، ماسک بھی گھبراہٹ سے اتار دیتے ہیں، اگر اس صورت میں اسکول ان کے لیے کھولے جائیں گے تو وبا پھیل سکتی ہے۔
وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ جب تک کورونا ختم نہیں ہوجاتا، چھوٹے بچوں کو آن لائن تعلیم دی جائے ورنہ جونیئر کلاسز سے کورونا کی دوسری اور تیسری لہر آنے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث مارچ سے اسکولز بند ہیں تاہم کورونا وائرس کی بہتر صورتح ال ہونے کے بعد حکومت نے 15 ستمبر سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔