اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے 2751 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 75 مریض جاں بحق ہوگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 255 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اب تک مجموعی طور پر 15 لاکھ چودہ ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
کورونا کے مزید 2751 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثرین کی کل تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 599 ہوگئی ہے جس میں سے فعال کیسز کی تعداد 89 ہزار 449 ہے اور ایک لاکھ 49 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
کورونا کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں جہاں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
گزشتہ ایک روز میں طبیعت خراب ہونے پر کورونا کا شکار مزید 75 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد مجموعی اموات 5 ہزار 58 ہوگئی ہے۔
پنجاب میں ایک ہزار 972 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک ہزار 677، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 63، اسلام آباد میں 146، بلوچستان میں 125، گلگت بلتستان میں 34 جب کہ آزاد کشمیر میں 41 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔