بھارت: کورونا کیسز میں ہولناک اضافہ، ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد چیلنج!

نئی دہلی: بھارت میں کورونا کے وار تیزی سے جاری ہیں، اس امر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے اور اس کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد چیلنج بن گیا ہے۔
ذرائع نے تصدیق کی کہ آئی سی سی کو بھارت میں کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز پر انتہائی تشویش ہے، اس لیے آئی سی سی نے بھارت میں کووڈ 19 کی صورت حال کا بغور جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انعقاد کے لیے آئی سی سی مکمل تسلی کرنے کی خواہش مند ہے، کیونکہ عالمی گورننگ باڈی کا ماننا ہے کہ ٹیموں اور براڈ کاسٹرز سمیت دیگر متعلقہ افراد کی صحت اور حفاظت کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا۔
آئی سی سی کا وفد اگلے چند روز میں بھارت کا دورہ کرے گا لیکن وفد کے لیے ایسی صورت حال میں بھارت جانا بھی ایک چیلنج قرار دیا جارہا ہے۔
آئی سی سی نے ورلڈکپ کے لیے بھارت کے 9 مجوزہ وینیوز کا بھی جائزہ لینا ہے، آئی سی سی جائزہ لینے کے بعد وینیوز کا حتمی فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اکتوبر نومبر میں بھارت میں کھیلا جانا ہے۔

Covid 19 cases increaseICCIndiaT 20 World cup