کراچی: برصغیر کے بڑے اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کے انتقال پر پاکستان سے بھی ان کے اہلخانہ کیساتھ اظہار افسوس اور تعزیت کی جا رہی ہے۔
پاکستان کےصدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نےعظیم اداکار دلیپ کمار کے انتقال اظہار افسوس کیا ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ دلیپ کمار عاجز، پروقار اور بہترین شخصیت کے مالک تھے۔ غم کی اس گھڑی میں دلیپ کمار خاندن کے ساتھ ہیں۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی دلیپ کمار کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا دلیپ کمار کا فنی سفر فلمی دنیا کا یادگار ترین دور ہے۔
دلیپ کمار نے فلموں میں ناقابل فراموش کردار نبھائے۔ دلیپ کمار کی بعض فلموں کو جتنی شہرت ملی کسی اور کو نہ مل سکی۔
شہبازشریف نے کہا بطوررکن پارلیمان دلیپ کمار نے پاک بھارت تعلقات کے لیے کوششیں کیں۔ پاک بھارت اچھے تعلقات کےلیے کوششیں ان کی امن پسندی کا مظہر تھیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی اداکار دلیپ کمار کی وفات پراظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا دلیپ کمار ایک عہد ساز فنکار تھے، انکا متبادل ممکن نہیں۔ میں نے اپنی ملاقاتوں میں یوسف خان کو ایک سحر انگیزشخصیت پایا اللہ تعالی یوسف خان کے درجات بلند کرے۔ ان کی لواحقین کو صبر عطا کرے۔
وفاقی وزیراطلاعات فوادچودھری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار نے اپنی صلاحیتوں سے برصغیر اوردنیا کے لاکھوں لوگوں کے دل جیت لیے۔ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سینیٹر فیصل جاوید نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ دلیپ کمار بہترین اداکار تھے ،ان کی اردو اور الفاظ کی ادائیگی متاثر کن تھی۔ دلیپ کمار انسانی خدمات میں بھی سرگرم تھے ،انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کامران بنگش نے کہا کہ دلیپ کمار کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا۔ دلیپ کمار نے ہمیشہ پشاور کی محبت کو سینے سے لگائے رکھا۔
پشاور دلیپ کمار کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ غم کی اس گھڑی میں خیبرپختونخوا حکومت دلیپ کمار خاندن کے ساتھ ہے۔
گلوکار علی ظفر نے کہا کہ دلیپ کمار کے انتقال پر دکھ کا اظہار ہوا۔ وہ ایک انتہائی نفیس اور بہترین انسان تھے۔ ہر سطر جو دلیپ کمار نے بولی، اس پر ابواب تحریر کیے جاسکتے ہیں۔ دلیپ کمار کے انتقال سے ایک ایسے دور کا اختتام ہوا جو لازوال رہے گا۔
کرکٹر شاہد آفریدی کا دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو سے تعزیت کی۔
شاہد آفریدی نے کہا دلیپ کمار کا انتقال پشاور سے ممبئی تک تمام پرستاروں کے لیے بڑا نقصان ہے۔ دلیپ کمار ہمارے دل میں رہتے ہیں