برمنگھم: کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی کارکردگی اب تک مایوس کن رہی ہے جب کہ آسٹریلیا نے اپنی برتری ثابت کردی۔
برطانوی شہر برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز کا دنگل جاری ہے، اب تک کی اطلاعات کے مطابق آسٹریلیا برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔
آسٹریلیا نے ایونٹ کے مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 52 میڈلز اپنے نام کرلیے ہیں، جن میں 22 گولڈ، 13 سلور اور 17 برانزمیڈلز شامل ہیں۔
34 میڈلز کے ساتھ میزبان انگلینڈ دوسرے جب کہ نیوزی لینڈ کا تیسرا نمبر ہے۔
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے قومی دستے کی بات کی جائے تو مایوس کن کارکردگی کے سبب ابھی تک میڈل حاصل کرنے سے محروم ہے۔
میگا ایونٹ میں میڈلز کی امیدوں کا محور قرار دیے جانے والے کھیلوں میں پاکستان کی کارکردگی نہایت مایوس کن رہی۔
قومی ہاکی ٹیم ایونٹ میں دو میچز کھیل کر ابھی تک فتح سے محروم ہے جب کہ ویمنز کرکٹ ٹیم بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنے دونوں مقابلوں میں ہار چکی ہے، اس ناقص کارکردگی کے باعث ہاکی اور کرکٹ میں پاکستان کی اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں ماند پڑ چکی ہیں۔