کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے ترقیاتی کاموں میں 25 فیصد حصے کا مطالبہ کردیا۔ مُراد علی شاہ نے کہا کہ دوسرے صوبوں کو 400 فیصد زائد دے رہے ہیں تو ہمیں بھی 25 فیصد بڑھادیں، اجلاس میں کسی کے منہ سے نکل گیا کہ اقتدار بچانے کے لیے ارکان اسمبلی کو اسکیمیں دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی صرف دو اسکیمیں تھیں، پنجاب کے لیے سندھ سے زیادہ فنڈز رکھے گئے، وزیراعظم کو خط میں لکھا کہ یہاں ایسٹ انڈیا کمپنی نہ بنائی جائے، مزاحمت کریں گے، 70 فیصد ریونیو دینے والے کو کہہ رہے ہیں کہ وفاق کے پیسوں پر چوہدراہٹ نہیں کرنے دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کوشش ہے ہمارا روڈ نیٹ ورک بہتر ہو، روڈ نیٹ ورک بہتر ہونے سے معیشت میں بہتری آتی ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ترقیاتی کاموں پر خوشی ہے، وفاق کو اب خط لکھنا چھوڑ دیا، آخری خط میں لکھا تھا شاید میں بہرے لوگوں سے بات کررہا ہوں، زخموں پر نمک چھڑکنا کوئی وفاقی حکومت سے سیکھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق نے پنجاب کے لیے سندھ سے زیادہ ترقیاتی فنڈ دیا، ہمیں بھی ترقیاتی کاموں کے لیے 25 فیصد حصہ دیں، این ایچ اے میں ہمارے لیے کوئی نیا منصوبہ نہیں رکھا گیا۔