بیجنگ: چین کا کشمیر کے حوالے سے بڑا بیان، عظیم دوست ملک نے کہا ہے کہ کشمیر کی صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، اس تنازع میں کوئی بھی یک طرفہ اقدام یا کشمیر کے تشخص میں تبدیلی غیر قانونی ہے۔
ایک پریس بریفنگ کے دوران صحافی کے کشمیر سے متعلق سوال کے جواب میں چینی دفتر خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر پوزیشن مستقل اور واضح ہے، کشمیر ایک تاریخی تصفیہ طلب مسئلہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ چارٹر، سلامتی کونسل قراردادوں، پاک بھارت دوطرفہ معاہدات میں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تنازع کشمیر پر کوئی بھی یک طرفہ اقدام یا تشخص میں تبدیلی غیر قانونی ہے، مسئلہ کشمیر کو تمام فریقین کے مابین پُرامن انداز سے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ہمسائے ہیں، ایک دوسرے سے دُور نہیں جاسکتے، پُرامن بقائے باہمی ہی بنیادی دوطرفہ مفاد اور عالمی برادری کی مشترکہ اساس ہے، امید ہے دونوں ممالک مذاکرات کے ذریعے باہمی اختلافات ختم کرکے، بہتر تعلقات اور علاقائی ترقی کے لیے کام کریں گے۔