بیجنگ: چین میں کھوکھے نما کریانہ شاپ پہاڑ سے 393 فٹ کی بلندی پر قائم ہے، جہاں سے کوہ پیما اپنی ضروری اشیا خریدتے ہیں، لیکن اس کے لیے دشوار گزار عمودی پہاڑ پر چڑھنا واحد شرط ہے۔
یہ کریانہ اسٹور معمول کی اشیا فروخت کرتا ہے جسے بطورِ خاص کوہ پیما ہی خریدتے ہیں جو صوبہ ہونان میں واقع ہے۔ اس کا نام شینیوزائی نیشنل پارک کا نام دیا گیا ہے۔ 2018 میں بنائی جانے والی دکان نہ ہی زمین پر ہے اور نہ ہی آسمان پر، تاہم اس کی تازہ تصاویر اب دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
حقیقت میں یہ لکڑی سے بنا ایک چھوٹا سا کھوکھا ہے جس میں کھانے پینے کی اشیا اور ٹک شاپ کی طرح کے لوازمات موجود ہیں۔ کوہ پیما یہاں رک کر سینڈوچ اور بسکٹ خریدتے ہیں اور آگے بڑھ جاتے ہیں۔ دنیا کی اس عجیب و غریب دکان سے خریداری کا تجربہ بہت ہی دلچسپ ہوسکتا ہے۔
انٹرنیٹ صارفین نے ٹک شاپ پر اپنے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایک صارف نے کہا کہ دکان دار کی ہمت ہے جو یہاں بیٹھ کر اشیا فروخت کررہا ہے۔ دوسرے نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیک وقت احمقانہ اور دلچسپ خیال ہے۔
اس پہاڑی پر شوقیہ اور ماہرکوہ پیماؤں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ کئی افراد یہاں سے پانی کی بوتلیں خریدتے ہیں اور اپنی منزل کی جانب بڑھ جاتے ہیں۔ کچھ لوگ چپس وغیرہ بھی خریدتے ہیں، لیکن غیر معمولی طور پر ان کی قیمت بہت زیادہ نہیں۔ ایک وقت میں ایک ہی دکان دار اس چھوٹی سی جگہ پر بیٹھ سکتا ہے۔