لاہور: چائلڈ پورنوگرافی کے گھناؤنے کاروبار سے منسلک ملزم کو لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے چائلڈ پورنو گرافی کے مبینہ کاروبار سے منسلک ملزم کو متاثرہ بچے کی نشان دہی پر ایک اہم ہاؤسنگ سوسائٹی سے چھاپہ مار کر گرفتار کیا اور ملزم کے قبضے سے سیکڑوں کی تعداد میں بچوں کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز کلپ برآمد کرلیے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم احتشام صدیق چائلڈ پورنوگرافی کے مافیا کا ایجنٹ ہے، ڈائریکٹر عبدالرب چوہدری کو درخواست موصول ہوئی تھی کہ ملزم سوشل میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کی آڑ میں بچوں کے ساتھ مختلف ویڈیوز گیمز سمیت دوستی کرکے ان کے ساتھ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہے، بلکہ بچوں کی نازیبا تصاویراورویڈیوزکلپ بھی بناکر بلیک میل کیا جارہا ہے، جس پر انہوں نے فوری کارروائی کا حکم دیا۔
ملزم کا تعلق کھاریاں سے ہے مگر آج کل لاہور میں رہائش پذیر تھا، ایف آئی اے سائبر کرائم نے مقامی عدالت سے ریمانڈ لے کر تفتیش شروع کردی ہے اور ملزم کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا فرانزک کیا جارہا ہے، اس کے بعد ہی پتا چلے گا کہ ملزم کس بین الاقوامی چائلڈ پورنوگرافی کے گروپ کے ساتھ ملا ہوا ہے۔