کراچی/ لاہور/ پشاور/ کوئٹہ: حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں علم، تعزیوں اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔
کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپارک سے برآمد ہوا، یہ جلوس کھارادر حسینیاں ایرانیاں پر ختم ہوگا۔
جلوس کی گزرگاہوں پر کنٹینر رکھ کر راستوں کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ چہلم کے جلوسوں کے روٹ پر اور اطراف میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔
شہدائے کربلا کے چہلم پر پنجاب میں آج ایک دن کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
کوئٹہ میں علم دار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے چہلم کے جلوس برآمد ہوئے، شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں امام بارگاہ مومن آباد علم دار روڈ سے شبیہہ ذوالجناح و علموں اور تعزیوں کا 22 دستوں پر مشتمل ماتمی جلوس بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا کی قیادت میں برآمد ہوا جو روایتی راستوں ہوتا ہوا نماز عصر پر بہشت زینب قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
ہزارہ ٹاؤن کا علم، تعزیوں اور ذوالجناح کا جلوس ولی عصر امام بارگاہ سے برآمد ہوگا جو ہزارہ ٹاؤن کے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ہزارہ قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
دونوں جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار سے زائد پولیس، ایف سی اور لیویز اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی ہوگی
کوئٹہ میں موبائل سروس بند اور تین تھانوں کی حدود میں ایک دن کے لیے موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد ہے۔
اس کے علاوہ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سمیت چھوٹے بڑے شہروں سے چہلم کے جلوس برآمد ہورہے ہیں، جن کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔