زبیر چریا اور رحمان بھولا نے سزا کیخلاف اپیل دائر کردی!

کراچی: سانحہ بلدیہ کے مجرمان نے سزاؤں کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کردیں، جس میں عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
سانحہ بلدیہ کیس کے سزا یافتہ مجرمان نے سندھ ہائی کورٹ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے 22 ستمبر کو دی جانے سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کردی ہیں۔
اپیلیں دائر کرنے والے ملزمان میں رحمان عرف بھولا، زبیر عرف چریا شامل ہیں جنہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 264 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی جب کہ دیگر چار مجرمان میں علی حسن، فضل محمد، شاہ رخ اور ارشد شامل ہیں، ان چاروں کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
مجرموں نے اپیلوں میں مؤقف اختیار کیا کہ ماتحت عدالت نے حقائق کو نظرانداز کیا ہے اور فیصلے میں سقم ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ خصوصی عدالت کا 22 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی سمیت چار ملزمان کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا تھا۔
خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ ماہ 22 تاریخ کو سانحہ بلدیہ کے 8 سال بعد کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔
عدالت نے واردات کے ماسٹر مائنڈ حماد صدیقی اور علی حسن قادری کو اشتہاری قرار دیا ہے اور ان کے دائمی وارنٹ جاری کردیے ہیں۔

#Rehman Bhoola#Zubair CharyaAppealSindh High court