مون سون، کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان!

کراچی: محکمۂ موسمیات نے ملک میں مون سون کے حوالے سے اہم پیش گوئیاں کی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں رواں سال مون سون جون کے آخری ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے، 27 سے 30 جون کے دوران بارشیں متوقع ہیں اور جولائی سے ستمبر کے دوران مون سون بارشیں معمول کے قریب ہوں گی جب کہ پنجاب کے بالائی، شمالی بلوچستان اور کشمیر میں معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب، کے پی اور سندھ کے میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ نظرانداز نہیں کی جاسکتی جب کہ پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ رہے، اچانک تیز بارشوں کے باعث کیچمنٹ ایریا، ندیوں اور دریاؤں میں سیلاب آسکتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق شمالی علاقوں میں معمول سے زائد درجہ حرارت کے باعث برف پگھلنے کا امکان رہے گا، پہاڑوں سے برف پگھلنے کے باعث بالائی انڈس بیسن میں پانی کا بہاؤ بڑھ جائے گا، تاہم بارشوں کے باعث پاور سیکٹر اور زراعت کے لیے پانی کافی مقدار میں جمع ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے، کراچی میں جولائی میں معمول کی بارشوں کا ریکارڈ 60 ملی میٹر ہے جب کہ شہر میں اگست میں معمول کی بارشوں کا ریکارڈ 60.9 اور ستمبر میں 11 ملی میٹر ہے۔

karachiMoon soonPakistanrainSindh