اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چاروں صوبوں کے کنٹوئمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن کروانے کے لیے تمام صوبائی الیکشن کمیشنز کو ہدایات جاری کردیں۔
کنٹوئمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن 9 ستمبر 2021 کو منعقد کئے جائیں گے، رواں سال ماہ جولائی میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی دستاویزات کو حتمی شکل دی جائے گی، مذکورہ ہدایات صرف کنٹوئمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے جاری کی گئی ہیں۔
اس کا اطلاق صوبائی دائرہ اختیار میں آنے والے بلدیاتی اداروں پر نہیں ہوگا، یعنی صوبائی دائرہ اختیار میں آنے والے بلدیاتی ادارے جس طرح چل رہے ہیں اسی طرح چلتے رہیں گے، الیکشن کمیشن آف پاکستان پہلے ہی اعلان کرچکا کہ اس کی خواہش ہے چاروں صوبوں میں ایک وقت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔
چونکہ پاکستان میں مردم شماری کا مسئلہ حل ہوچکا اور باقاعدہ طور پر اسے تسلیم کیا جاچکا، لہٰذا ممکن ہے کہ سندھ سمیت پاکستان کے دیگر صوبے جن سے ڈی لیمیٹیشن کے حوالے سے تفصیلات طلب کی جاچکی ہیں، جلد ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ایک اور نوٹیفکیشن کا اجرا کیا جائے کہ فلاں تاریخ کو چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔