کراچی: اپنی زبردست اداکاری کے باعث مشہور سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ انہیں بولی وُڈ کی ایک فلم میں اداکار اکشے کمار کی ماں کے کردار کی پیشکش ہوئی تھی۔
اداکارہ، گلوکارہ ، کامیڈین اور میزبان بشریٰ انصاری کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ بھارت میں کچھ پاکستانی اداکاراؤں کی عزت نہیں کی جاتی اور نہ ہی انہیں اچھا سمجھا جاتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے نام لینے سے گریز کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت میں موجود ایک رائٹر دوست نے بتایا کہ پاکستان سے 2،4 اداکارائیں خود سے ہی کام کرنے بھارت گئی تھیں، جن کی وہاں عزت نہیں کی جاتی جب کہ بعض اداکاروں کے ساتھ بھی یہی ہوا کہ خود ہی بھارت گئے اور پھر واپس آگئے۔ نصرت فتح علی خان، راحت فتح علی، فواد خان، علی ظفر، ماہرہ خان اور عاطف اسلم کی بہت عزت کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند سال قبل انہیں بولی وُڈ کے بڑے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے فلم کی پیشکش ہوئی تھی جس میں انہیں اکشے کمار کی ماں کا کردار نبھانا تھا، تاہم پلواما حملے کے باعث پروجیکٹ پر کام نہ ہوسکا۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ پاکستان میں کامیڈی کے شعبے میں معین اختر اور عمر شریف مرحوم کا کوئی مدمقابل نہیں اور نہ ہی کوئی ان جیسی شخصیت ہے۔