لندن: برطانوی وزیراعظم کی والدہ کی شوہر کی جانب سے ناک توڑنے کا انکشاف ہوا ہے۔ برطانوی صحافی نے اپنی کتاب میں لکھا کہ برطانیہ کے موجودہ وزیراعظم بورس جانسن کے والد نے ایک مرتبہ ان کی والدہ کی ناک توڑ دی تھی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق صحافی ٹوم بوور کی کتاب ’دی گیمبلر‘ میں انکشاف کیا گیا ہے 1979 میں طلاق سے قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے والدین کا رشتہ ’پُرتشدد اور ناخوش گوار‘ تھا، جس کی وجہ سے بورس جانسن کے والد اسٹینلے نے ایک مرتبہ ان کی والدہ شارلوٹ کی ناک توڑ ڈالی تھی جس سے وزیراعظم بورس جانسن خوف زدہ ہوگئے تھے۔
کتاب میں کہا گیا کہ یہ واقعہ 1970 میں پیش آیا تھا، جس سے متعلق برطانوی وزیراعظم کی والدہ کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ میرے شوہر اسٹینلے نے میری ناک توڑ دی تھی اور مجھے یہ احساس دلایا تھا کہ میں رویے کی مستحق ہوں۔
ٹوم بوور نے اپنی کتاب میں مزید لکھا کہ اس واقعے نے بورس جانسن کو اپنی ماں کے لیے اذیت میں مبتلا کردیا تھا جس کے بعد وہ اکیلے پڑ گئے تھے اور کسی پر بھی اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہوتے تھے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے بورس جانسن کی والدہ سے رابطہ کیا جس پر انہوں نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ انہوں نے یہ کتاب نہیں پڑھی۔
خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم کی والدہ چارلوٹ نے ان کے والد اسٹینلے سے 1963 میں شادی کی تھی اور ان کے 4 بچے ہیں۔