کابل: افغانستان میں ایک گھر پر دہشت گردوں کی موجودگی کے شبے میں فضائی بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے غزنی کے گاؤں منازری میں ایئرفورس کے جنگی طیاروں نے بمباری کرکے ایک گھر کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔ مکان میں موجود 18 افراد حملے میں جاں بحق جب کہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔
فضائی بمباری میں جاں بحق ہونے والوں میں 8 بچے، 7 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ مقتولین کے خاندان اور علاقہ مکینوں نے لاشوں کو مرکزی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا بھی دیا۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے غزنی کی صوبائی کونسل کے رکن محمد ناصر نے کہا کہ بمباری میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد نہیں بلکہ معصوم شہری تھے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری طرف افغان ایئرفورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے فضائی حملے میں طالبان ہلاک ہوئے ہیں، تاہم کچھ شہریوں کی بھی ہلاکت کی اطلاع ہے جس کی تفتیش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ دوحہ میں کابل حکومت اور طالبان کے درمیان بین الافغان مذاکرات جاری ہیں، تاہم اب تک کسی نیتجے پر نہ پہنچنے والے مذاکرات کے دوران افغانستان میں فریقین کی جانب سے پُرتشدد کارروائیاں کی جارہی ہیں جن میں معصوم جانوں کا نقصان ہورہا ہے۔