بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز سے منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز سے منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش کی گئی ہے۔ اداکارہ سے تفتیش انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے منی لانڈرنگ کیس میں بطور گواہ کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جیکلین فرنانڈیز سے تفتیش سکیش چندرشیکر نامی شخص کی جانب سے مبینہ طور پر کروڑوں کی بھتہ خوری کے کیس میں کی گئی ہے۔ اداکارہ سے کی جانے والی تفتیش 5 گھنٹوں پر محیط تھی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق چندر شیکر نامی شخص کی شہرت اچھی نہیں ہے اور اسے فراڈیے کے طور پر جانا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے واضح کیا ہے کہ 36 سالہ بالی ووڈ اداکارہ اس ضمن میں قصور وار نہیں ہیں لیکن چندر شیکر کے خلاف درج کیس میں ان سے بطور گوارہ تفتیش کی گئی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق تحقیقاتی ایجنسی نے 24 اگست کو بتایا تھا کہ اس نے چنائی میں ایک بنگلہ، 82.5 لاکھ کیش اور درجنوں لگژری گاڑیاں اس حوالے سے قبضے میں لی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ کیس دہلی پولیس کے مالی بے ضابطگیوں کی نگرانی کرنے والے ونگ اور دیگر کی جانب سے مبینہ طور پر دھوکہ دہی اور 200 کروڑ کی بھتہ خوری پر سکیش کے خلاف دائر مقدمے پر مبنی ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے گذشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سکیش چندرشیکر اس فراڈ کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چندر شیکر 17 سال کی عمر سے جرائم کی دنیا کا حصہ ہیں۔ ان کے خلاف دیگر مقدمات بھی درج ہیں۔

Bollywood actress Jacqueline Fernandez interrogated in money laundering case