کراچی: مشہور اداکارہ صبا قمر اور عثمان مختار کے ڈرامے پامال کی حالیہ قسط میں دکھائے گئے بولڈ مناظر نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کردیا۔
ڈرامہ پامال زنجبیل عاصم شاہ کی تحریر اور خضر ادریس کی ہدایت کاری میں بنایا گیا ہے جب کہ اس کی پروڈیوسر تحریم چوہدری ہیں۔
کہانی ایک مصنفہ ملکہ (صبا قمر) کے گرد گھومتی ہے، جس نے شادی سے پہلے اور بعد دونوں ادوار میں مشکلات بھری زندگی گزاری ہے۔
اب تک پامال کی 12 اقساط نشر ہوچکی ہیں۔ تازہ قسط میں رضا (عثمان مختار) اور ملکہ (صبا قمر) کے درمیان اسپتال میں ملاقات کا منظر دکھایا گیا، جہاں ملکہ اپنے شوہر کو دیکھ کر جذباتی انداز میں گلے لگاتی ہے۔
یہ منظر بغیر سنسر کیے نشر کیا گیا، جس پر ناظرین کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر سخت ردِعمل دیا۔
ایک صارف نے لکھا: کوئی تو صبا قمر کی شادی کروادے۔ ایک اور صارف نے تنقید کی: ڈائریکٹر کو شرم آنی چاہیے، یہ پاکستانی ڈرامہ ہے یا بھارتی شو؟، کئی صارفین نے شکایت کی کہ اب ڈراموں میں غیر ضروری بولڈ مناظر دکھائے جارہے ہیں۔ ایک نے کہا: کیا اب ہم یہ ڈرامے فیملی کے ساتھ بیٹھ کر دیکھ بھی سکتے ہیں یا نہیں؟، ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا: شکر ہے میرے والد اس وقت ساتھ نہیں بیٹھے تھے، ورنہ یہ منظر دیکھنا بہت مشکل تھا۔
بعض نے عثمان مختار پر بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُن سے یہ توقع نہیں تھی۔ صبا قمر کے بارے میں ایک صارف نے لکھا: صبا قمر کو ہمیشہ بولڈ کرداروں میں ہی دیکھا ہے، لگتا ہے وہ بھول جاتی ہیں کہ یہ پاکستانی ڈرامہ ہے، کوئی بولی وُڈ فلم نہیں۔
ڈرامہ پامال اپنی کہانی اور کرداروں کی گہرائی کے باعث مقبول ہورہا ہے، تاہم حالیہ تنازع نے اداکاری میں حدود و قیود پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔