مقبوضہ وادی سمیت پوری دنیا میں یوم سیاہ کشمیر!

سری نگر: 27 اکتوبر 1947 کا دن کشمیریوں کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا، کیوں کہ اسی روز پہلی بار قابض بھارتی فوج نے اپنے ناپاک قدم جنت نظیر وادی میں رکھے تھے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو مسلط ہوئے سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزر چکا۔ 1947 میں 27 اکتوبر کو ہی بھارت نے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا، جس کے بعد سے آج تک کشمیری اسے یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اور آج بھارت کے غیر قانونی قبضے کے 73 سال مکمل ہونے پر پوری دنیا میں کشمیری یوم سیاہ منارہے ہیں۔


یوم سیاہ پر حریت رہنماؤں کی اپیل پر وادی میں احتجاج جاری ہے۔ کشمیری آخری سانس تک غیر قانونی قبضے کے خلاف جنگ لڑنے کا عزم دہرا رہے ہیں جب کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کی جانب سے بھی جلسوں کا انعقاد کیا جارہا ہے، مظاہرے اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں جس سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنماؤں نے آزادی کشمیر کے عزم کا اعادہ کیا اور بھارت مخالف نعرے لگائے گئے۔
دوسری جانب خوف زدہ مودی سرکار کی ایما پر قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا اور ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ ثابت کرنے کی کوشش کی اور لاش لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔

#BlackdayKashmir