کراچی: انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارت کے پانچ لڑاکا جہازوں کو زمین بوس کرنے والے ایم ایم عالم کا86واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔
بھارتی فضائیہ کے طیاروں پر عقاب کی مانند جھپٹنے اور تباہ کرنے والے ایم ایم عالم کے کارنامے زبان زدعام ہیں۔
انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں بھارت کے خودساختہ سورماؤں سے ایم ایم عالم کا ٹاکرا مقبوضہ کشمیر کے چھمب جوڑیا ں اور آدم پور جالندھر میں ہوا۔
ان ہوائی معرکوں میں کچھ واقعات جنگی تاریخ کا حصہ بن گئے ہیں۔ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارت کے پانچ لڑاکا جہازوں کو زمین بوس کردینے والے ایم ایم عالم کا کارنامہ آج بھی سننے والو ں کو ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیتا ہے۔
ایم ایم عالم کی منہ بولی بیٹی خدیجہ محمود کا ماننا ہے کہ پینسٹھ کی جنگ کے غازی ایم ایم عالم ایک مجاہد کی جیتی جاگتی تصویر تھے اور پاکستان سے ان کی محبت جنون کی حد تک تھی ۔
اپنے پسندیدہ جنگی ہوائی جہاز ایف ایٹی سکس کے ذریعے انہونی کو ہونی کر دینے والے ایم ایم عالم کو غیر معمولی جنگی ہوائی مہارتوں کی وجہ سے فالکن، لٹل ڈریگن جیسے القابات سے بھی نوازا گیا ۔
ایم ایم عالم نے پینسٹھ کی جنگ میں مختلف محاذوں پر کل گیارہ بھارتی طیاروں کو تباہ کر کے ریکارڈ قائم کیا۔
ایم ایم عالم کو شاندار کارکردگی دکھانے پروطن عزیز کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ستارہ جرات سے نوازا گیا۔
6 جولائی 1935 کو برصغیر کے شہر کلکتہ میں پیدا ہونے والے ایم ایم عالم نے 1952 میں پاکستان ائیر فورس میں کمیشن حاصل کیا۔
ایم ایم عالم 1982 میں ائیر کموڈور کے عہدے پر ریٹائرڈ ہوئے اور 18 مارچ 2013 کو 78 برس کی عمر میں دنیا کو خیرباد کہہ گئے۔
پینسٹھ کے جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کے زیر استعمال جنگی جہاز ایف 86 کو لاہور کے مال روڈ پر بطور یادگار نصب کیا گیا ہے