کراچی: بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بجلی مل نہیں رہی لیکن مہنگی کردی گئی، ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یہ فیصلہ واپس لے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات سے واقف ہیں، برسات سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے دن رات کام جاری ہے، کچھ جگہوں پر ابھی بھی پانی موجود ہے جس کی نکاسی کے لیے کام جاری ہے جب کہ امید کرتے ہیں وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 100 سال بعد کراچی میں اتنی بارش ہوئی ہے، صرف کراچی کے 3 نالوں کی صفائی سے مسائل حل نہیں ہوں گے، وزیراعظم کل پورے صوبے کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی یہاں آئے اور صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف بھی، ان کی آمد پر شکر گزار ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ پورا ملک ہمارے ساتھ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کے الیکڑک کے ٹیرف میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی مل نہیں رہی لیکن مہنگی کردی گئی، ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یہ فیصلہ واپس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور سوات میں بھی بارشوں نے کافی تباہی مچائی، ہم وہاں کے لوگوں کے لیے دعا کرتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں تمام لوگوں کے ساتھ ہیں۔