حکومت کی کوئی سمت نہیں، ہر محاذ پر ناکام ہوچکی، بلاول

اسلام آباد: بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یہ حکومت جتنے عرصے برقرار رہے گی، ملک اور عوام کا نقصان زیادہ ہوتا چلا جائے گا۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوئی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پارلیمان اور پارلیمان کے باہر اپوزیشن کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، اس حکومت کی کوئی سمت نہیں، یہ حکومت جتنے عرصے برقرار رہے گی، ملک اور عوام کا نقصان زیادہ ہوتا چلا جائے گا، اپوزیشن حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت چھوٹے صوبوں کے حقوق چھیننا چاہتی ہے، ہم چھوٹے صوبوں کے حقوق اور آئین کی پامالی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، این ایف سی ایوارڈ کے معاملے میں حکومت کی جانب سے ناانصافی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملک کو ون یونٹ کی جانب دھکیلنے کی کوشش کو ہم ہر صورت میں ناکام بنائیں گے۔
نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنوں پر پولیس تشدد کی پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مذمت کی ہے۔
قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیاسی کارکنوں کے خلاف پولیس فورس کا استعمال قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے آج لیگی کارکنوں اور مریم نواز کی گاڑی پر پتھر پھینکے، مریم نواز اور ان کے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کے خلاف طاقت کے استعمال کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

bilawal bhuttoGovt of Pakistan